’ماجھی شالہ سندر شالہ ‘مہم کی نہج پرہونیوالےمقابلے میں ۸؍سرگرمیوں پرعمل کیاجائیگا، زیادہ مارکس پانے والی ۳؍جماعتیں انعام پائیں گی، ریاستی سطح پر اپنی نوعیت کایہ اولین مقابلہ ہوگا۔
EPAPER
Updated: September 18, 2026, 12:22 PM IST | Saadat Khan | Buldhana
’ماجھی شالہ سندر شالہ ‘مہم کی نہج پرہونیوالےمقابلے میں ۸؍سرگرمیوں پرعمل کیاجائیگا، زیادہ مارکس پانے والی ۳؍جماعتیں انعام پائیں گی، ریاستی سطح پر اپنی نوعیت کایہ اولین مقابلہ ہوگا۔
ریاستی حکومت کی’ ’ماجھی شالہ سندر شالہ(میرا اسکول خوبصورت اسکول) ‘‘ مہم کی نہج پر کوتھلی، پنچایت سمیتی موتالی، ضلع بلڈانہ کی ضلع پریشد اُردو اسکول نے ۲۶؍ستمبر ۲۰۲۶ء سے ۲۶؍جنوری ۲۰۲۷ء تک’’ میرے اسکول میں خوبصورت جماعت‘ ‘مقابلہ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ جس کے تحت۸؍ سرگرمیوں پر عمل کیا جائے گا۔ ان سرگرمیوں میں زیادہ مارکس حاصل کرنے والی ۳؍جماعتوں کو اوّل ،دوم اور سوم انعامات سے نوازا جائے گا ۔ ریاستی سطح پر اپنی نوعیت کایہ اولین مقابلہ ہوگا۔
اسکول کے صدر مدرس ندیم الدین مستقیم الدین قاضی نے بتایا کہ ’’ماجھی شالہ سندر شالہ مہم سے متاثر ہوکر ہم نے اپنے اسکول میں طلبہ کو مزید فعالیت کے ساتھ تعلیم سے جوڑنے کیلئے ’’میرے اسکول میں خوبصورت جماعت‘‘ مقابلہ کی منصوبہ بندی کی ہے ۔’’میری جماعت میری شان، یہی میرا اعزاز‘‘ اس مہم کا مرکزی پیغام ہے ۔ مقابلہ میں اوّل تا ساتویں جماعت کے کل ۴۲۱؍ طلبہ حصہ لیں گےجن میں لڑکوں اور لڑکیوں کی بالترتیب تعداد ۲۲۳؍ اور ۱۹۸؍ ہے ۔ ان طلبہ کو پڑھانے کیلئے ۱۳؍اساتذہ ہیں جبکہ اسکول میں ۱۷؍ جماعتیں ہیں ۔ ہر جماعت کے ۲؍ڈویژن ہیں۔‘‘
صدر مدرس ندیم الدین کے مطابق ’’ مہم سے اساتذہ اورطلبہ کے مابین ایک مثبت مسابقت (مقابلہ) کاجذبہ پیدا ہوگا جس سے یقینی طور پر جماعتوں کے تعلیمی معیار کو بڑھانے میں مدد ملے گی ۔مہم طلبہ کو یہ پیغام دیتی ہےکہ خوبصورت کلاس صرف ظاہری تزئین کا نام نہیں بلکہ مثبت سوچ، نظم وضبط ، احساس ذمہ داری اور تعلیم کے بہتر ماحول کی بھی علامت ہے۔
یہ بھی پڑھئے:سی جے پی سربراہ ابھیجیت دِپکے کا ایٹاپلّی تعلقے کی ضلع پریشد پرائمری اسکول کا دورہ
مقابلہ کیسے اور کس طرح ہوگا؟
تقریباً ۴؍مہینے جاری رہنے والے تعمیری مقابلہ میں ۸؍ سرگرمیاں انجام دی جائیں گی جن کیلئے مجموعی طور پر ۱۰۰؍مارکس مختص ہیں ۔ ان سرگرمیوں میں طلبہ کی حاضری ( ۲۰؍ مارکس) ،تعلیمی معیار( ۲۰؍مارکس)، صفائی اور پرکشش جماعت (۱۰؍مارکس)، باقاعدہ ہوم ورک (۱۰؍مارکس)، تدریسی مشمولات کی تیاری (۱۰؍مارکس)،نظم و ضبط (۱۰؍مارکس)، جماعت کا ریکارڈ (۱۰؍مارکس) اور نئے تعلیمی تجربات کیلئے (Innovation) (۱۰؍مارکس ) مختص ہیں ۔
انعامات کا اعلان کب ہوگا؟
اس منفرد مقابلے کے انعامات کااعلان ۲۶؍جنوری ۲۰۲۷ء کو یوم جمہوریہ کے موقع پر کیا جائے گا۔ فاتحین کو پہلا انعام ۵؍ہزار۱۰۰؍روپے، دوسرا انعام۳؍ہزار ۱۰۰؍ روپے اور تیسرا انعام ۲؍ہزار ۱۰۰؍روپے کا دیا جائے گا۔
اس مہم کے ذریعے کلاس کی خوبصورتی کو طلبہ کےتعلیمی معیار اور شخصیت کی نشوونما سے جوڑنے کی بھی کوشش ہے۔اسکول میں مثبت تعلیمی ماحول پیدا کرنے، صفائی کے ساتھ نظم وضبط قائم رکھنے، تعلیم کے ساتھ تخلیقی اور انفرادی صلاحیت کو اُجاگر کرنے کی سعی کی جائے گی۔‘‘